جچنیوٹ، 20 اگست ( اےپی پی): ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے کہا ہے کہ ضلع میں محرم الحرام کے موقع پرجلوسوں کی مانیٹرنگ کیلئے سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب کا کام مکمل کریں اورانتظامات کے حوالے سے متعلقہ تمام محکمے اپنی ذمہ داریوں کو احس طریقے سے انجام دیں اور محکمانہ امور پر عملدرآمد کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کریں تاکہ کسی جگہ کوئی انتظامی و حفاظتی خلا نہ رہ جائے، یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس میں جملہ محکموں کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہی،اے ڈی سی جی عمران عصمت پنوں، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122مس طاہرہ خان، سی او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد خلیل، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر اعظم، وقار احمد واہلہ،انچارج سیکیورٹی محمد رضوان، ایس این اے عمر حیات کے علاوہ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے، ڈپٹی کمشنر محمد ریاض نے جملہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس کلیئر کروائے جائیں اور تمام روٹس اور اہم مقامات پر سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب کا کام مکمل کریں اور آج ہی کنٹرول روم کو فعال کیا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ تمام روٹس پر صفائی ستھرائی، لائٹس،سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات مکمل کریں تاکہ منتظمین جلوس اور عزاداروں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے،انہوں نے سی او ہیلتھ، ایم ایس،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کو ہدایت کی کہ عشرہ محرم الحرام میں اپنے انتظامات مکمل رکھیں ااور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں آپکا عملہ متحرک ہونا چاہیے، ڈی ایچ کیو ہسپتال سمیت دیگر مراکز صحت میں طبی سہولیات کی فراہمی و دیگر انتظامات مکمل رکھیں، انہوں نے ہدایت کی کہ تمام جلوسوں کے ساتھ ریسکیو 1122کی گاڑیاں موجود ہوں جن میں ڈاکٹراور دیگر فرسٹ ایڈ دینے والا عملہ موجود ہو، انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو واضح کیا کہ پیشگی تمام تر انتظامات مکمل کر لیے جائیں اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی،آخر میں ڈپٹی کمشنر محمد ریاض کا کہنا تھا کہ ضلع بھر میں محرم الحرام کو پر امن طریقے سے منانے کیلئے ہر ممکن حفاظتی و انتظامی اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ محرم الحرام کے دوران کورونا ایس او پیز پر سو فیصد عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے تمام میسر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔











