جیکب آباد،22 اگست(اے پی پی): ونگ کمانڈر شہباز رینجرز محمود احمد خان اور ایس ایس پی محمد طارق نواز کا محرم الحرام کے دوران منعقد کی جانے والی مجالس اور قافلوں کی گزرگاہوں کی سیکیورٹی کا جائزہ لینے کےلیے گزرگاہوں کا دورہ کیا، دورہ کے دوران مختلف امام بارگاہوں، مساجد و مدرسہ میں گئے ، سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور مختلف مکتبہ الفکر سے تعلق رکھنےوالے علماء، سربراہان اور جلوس و مجالس کے منتظمین سے ملاقاتیں کی۔
ونگ کمانڈر شہباز رینجرز محمود احمد خان اور ایس ایس پی محمد طارق نواز نے جیکب آباد ضلع کے مختلف علاقوں کے دورے کیے، جہاں انہوں نے مختلف امام بارگاہوں پر منتظمین سے سیکیورٹی کے حوالے سے تبادلہ خیال سمیت فول پروف انتظامات کی مکمل یقین دہانی کرائی۔اس کے علاوہ انہوں نے حساس ماتمی جلوسوں کی گذر گاہوں کا دورہ کیا اور سیکیورٹی پلان کے حوالے سے تعینات افسران سے تمام تر معلومات حاصل کیں اور ضروری ہدایات جاری کردی گئیں۔
ونگ کمانڈر محمود احمد خان ایس ایس پی محمد طارق نواز نے حولی سید احسان شاہ، مسجدِ علی، مسجد سید عبدالنبی شاہ بخاری، مرکزی امام بارگاہ، امام بارگاہ کربلہ مولیٰ، امام بارگاہ پیر بخاری، زری پاک، مدرسہ خدیجۃ الکبریٰ، اور مدرسہ قاسم العلوم کا بھی دورہ کیا۔
ایس ایس پی جیکب آباد نے تمام منتظمین سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کے ساتھ تعاون کی اپیل بھی کی کہ کسی بھی اطلاع یا افواہ کی صورت میں جیکب آباد پولیس سے تعاون کیا جائے اور مطلع کیا جائے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کو نہ صرف کیفر کردار تک بھی پہنچایا جا سکے بلکہ کسی کو بھی امن امان کی صورتحال کو خراب کرنے کی مہلت نہیں دی جائے گی۔تمام مذہبی سربراہان اور منتظمین نے ونگ کامنڈر شہباز رینجرز اور ایس ایس پی جیکب آباد کا شکریہ ادا کیا اور اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔











