ملتان؛ اوور سیز کمیٹی کا اجلاس،ڈپٹی  کمشنر نے شکایات کے ازالے کیلئے  فوری احکامات جاری   کیے

128

ملتان، 22اگست(اے پی پی ):بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کے لئے اوور سیز پاکستانیز کمیٹی کا اجلاس ہفتہ  کو  یہاں  منعقد ہوا،اجلاس میں ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور چئیرمین کمیٹی مخدوم شعیب اکمل ہاشمی  سمیت  ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس افسران  اور مختلف محکموں کے افسران  شریک ہوئے۔

چیئرمین کمیٹی شعیب اکمل ہاشمی نے کہا کہ بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانی وطن عزیز کے لئے کثیر زرمبادلہ بھیجتے ہیں، ماہ جولائی میں بیرون ملک پاکستانیوں نے ریکارڈ 2 ارب 70 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ بھیجا ۔شعیب اکمل ہاشمی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان بیرون ملک پاکستانیوں کو بڑی اہمیت دیتے ہیں بیرون ملک پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے ۔

ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ حکومت بیرون ملک پاکستانیوں کی جائیدادوں اور سرمائے کی کسٹوڈین ہے،کسی شخص کو دیار غیر میں رہنے والی پاکستانیوں کے پلاٹ اور جائیداد پر قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی ،ضلعی انتظامیہ ایسے قبضہ مافیا کے خلاف پولیس کے ذریعے مقدمات درج کرائے گی۔

 عامر خٹک نے کہا کہ قبضہ مافیا کی سرپرستی کرنے والوں کو بھی بے نقاب کیا جائے گا، قانون سے بالاتر کوئی شخص نہیں ہے،بیرون ملک پاکستانیوں کی درخواستوں کا ڈیٹا کمپوٹرائزڈ کیا جارہا ہے۔

کمیٹی کے اجلاس میں اوورسیز پاکستانیوں کے40 کیسسز کا جائزہ لیا گیا،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے شکایات کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔