لاہور، 25 اگست(اے پی پی): وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے اپنے جاری کردہ وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ جھوٹوں کے آئی جی شہباز شریف نے کل قوم کے سامنے دو بہت بڑے جھوٹ بولے۔ پہلا جھوٹ یہ کہ انہوں نے نواز شریف کی آٹھ ہفتوں بعد واپسی کی کوئی ضمانت نہیں دی۔ دوسرا جھوٹ “ن لیگ نے ایک دھیلے کی کرپشن نہیں کی” کا مضحکہ خیز پہاڑا تھا۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دو دونی بتیس اور چار دونی چھتیس کے پہاڑے کی طرح یہ پہاڑا بھی عوام کے سر کے اوپر سے گزر گیا۔ ساری دنیا جانتی ہے کہ ہائیکورٹ سے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت پر شہباز شریف نے ضمانت دی۔
فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ یو ٹرن کی باتیں کرنے والے شہباز شریف دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا W ٹرن لے رہے ہیں۔ منافقت، دھوکہ دہی، دو نمبری اور جھوٹ ن لیگی قائدین کی عادتِ ثانیہ بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان، بلاول زرداری اور نواز شریف سے ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ بچپن سے سنا تھا کہ مومن کبھی ایک سوراخ سے دو بار نہیں ڈسا جاتا۔ پتہ نہیں مولانا فضل الرحمان آلِ شریف اور آلِ زرداری کے ہاتھوں کب تک استعمال ہوتے رہیں گے۔ انھوں نے کہا کہ بارہا کہہ چکا ہوں کہ مولانا اگلے تین سال اپنے سیاسی، معاشی اور انتظامی گناہوں پر توبہ کریں۔ 2023 میں بھی کے پی کے کی طرف سے مولانا کو مینڈیٹ دیئے جانے کی کوئی امید نظر نہیں آ رہی۔











