پشاور،26اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے بدھ کو یہاں پشاور میں پنشنرز سہولت سنٹر کا افتتاح کردیا جو اکاؤنٹنٹ جنرل کے دفتر میں واقع ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ تیمور جھگڑا نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکاؤنٹنٹ جنرل دفتر میں پنشنرز کے لیے ون ونڈو آپریشن کی سہولت مہیا کی گئی ہے جس سے بزرگ پنشنرز کے لیے پیدا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی ریفارمز کو ہر ضلع کے اکاؤنٹنٹ دفاتر تک لے کر جائیں گے تاکہ پنشن کیس کے حوالے سے تمام محکمانہ امور ایک ہی چھت تلے انجام دئیے جاسکیں۔ اکاؤنٹنٹ جنرل خیبرپختونخوا نے پنشن کے نظام کو ڈیجیٹلائز کردیا ہے، جس سے اب پنشن کے نظام میں وقت کی بچت اور شفافیت آئے گی۔
تیمور جھگڑا نے کہا کہ 15 سال قبل پنشن بل 1 ارب تھا جو کہ اب 86 ارب ہے۔ کرونا نے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب کئے تھے مگر اب وبا کی روک تھام کے بعد معیشت سنبھل رہی ہے اسلئے کرونا کے باعث ترقیاتی کاموں میں تاخیر فنڈز کے اجراء کے بعد ختم ہو جائیں گی۔
صوبائی وزیر نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنیکی بابت بتایا کہ تنخواہوں میں اضافہ نہ کر کے اس رقم کو صحت انصاف کارڈ میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ صحت انصاف کارڈ سے چند افراد نہیں ہر خاندان مستفید ہو گا۔ ریونیو اتھارٹی کے 7 ارب روپے کو صحت کارڈ میں استعمال کیا جائے گا۔











