سکھر،26اگست(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر خیرپور احمد علی قریشی نے ایس ایس پی خیرپور امیر سعود مگسی کے ہمراہ جلوسوں کے روٹس، سکیورٹی، صفائی ستھرائی سمیت تمام انتظامات کا جائزہ لینے کےلئے پریالو شہر کے مرکزی امام بارگاہ سمیت تمام ماتمی جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا ۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خیرپور اور ایس ایس پی خیرپور نے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماتمی جلوسوں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کو سخت کیا جائے اور تمام گاڑیوں اور آنے جانے والوں کو چیکنگ کے بعد چھوڑا جائے جبکہ مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور پریالو شہر میں تاریخی ماتمی جلوس کو فول پروف سکیورٹی مہیا کی جائے۔
دورے کے دوران میونسپل انتظامیہ کی جانب سے ڈی سی خیرپور کو صفائی ستھرائی سمیت تمام لئے گئے انتظاموں کے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جس پر ڈی سی خیرپور نے میونسپل انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام مجالس اور ماتمی جلوسوں کی روٹس کی صفائی ستھرائی میں کسی قسم کی کوتاہی نہ کی جائے اور محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔
ڈی سی خیرپور نے کہا کہ شہر کے اندر امن امان قائم رکھنے کے لئے مذہبی رہنماﺅں سے رابطوں کو تیز کیا جائے تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو برقرار رکھا جائے۔
قبل ازیں ڈی سی خیرپور اور ایس ایس پی خیرپور کی جانب سے کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا گیا۔











