اسلام آباد,26 اگست (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معاشرے کے کمزور اور غربت کے شکار افراد کی ضروریات کو پورا کرنا ہماری ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے، حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ سبسڈی کے نظام کو موثر، شفاف اور اہداف کے مطابق بنایا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ سرکاری خزانے سے خرچ کی جانے والی رقم کا بہترین استعمال ہو۔ وہ بدھ کو یہاں غریب اور کم آمدنی والے طبقات کو اشیاءضروریہ کی مد میں حکومتی سبسڈی کی فراہمی کے نظام کو مزید موثر بنانے کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں معاونِ خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین نادرا و دیگر سینئر افسران شریک تھے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کے مطابق اجلاس میں حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی سبسڈی کو مستحق افراد تک موثر طریقے سے پہنچانے خصوصاً غربت کا شکار اور کم آمدنی والے طبقات کی بنیادی اشیاءضروریہ کے حوالہ سے سبسڈی کے نظام کو بہتر بنانے کے ضمن میں مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمزور اور غربت کا شکار افراد کی ضروریات کو پورا کرنا ہماری ذمہ داری اور اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ سبسڈی کے نظام کو موثر، شفاف اور ٹارگٹڈ (اہداف کے مطابق) بنایا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ سرکاری خزانے سے خرچ کی جانے والی رقم کا بہترین استعمال ہو۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ماضی میں سبسڈی کے نظام میں موجود خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت کو یکسر نظر انداز کیا جاتا رہا جس کی وجہ سے ان وسائل سے وہ طبقات بھی فائدہ اٹھاتے رہے جو اس کے مستحق نہیں تھے۔ وزیرِاعظم نے معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ، سیکرٹری خزانہ، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو ہدایت کی کہ غریب اور کم آمدنی والے طبقات کی بنیادی اشیائے ضروریہ کے حوالے سے ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی کی تجاویز کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔











