پشاور، 26اگست(اے پی پی): مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی، خیبرپختونخوا ضیاء اللہ بنگش نے بدھ کو یہاں لوکل سطح پر تیار ہونے والے ائیرکرافٹ اور ہیلی کاپٹر بنانے والی فرم کا دورہ کیا اور فرم کے مالک قاضی سجاد اور دیگر فلائنگ ممبران سے ملاقات کی۔
ضیاء اللہ بنگش نے لوکل سطح پر تیار ہونے والی ایئرکرافٹ اور ہیلی کاپٹرز کا معائنہ بھی کیا اور ہیلی کاپٹرز میں فلائنگ بھی کی اور قاضی سجاد اور ان کی فیملی کے دیگر فلائنگ ممبران اور ریسرچرز کے کام کی تعریف کی اور صوبائی سطح پر ان کو سہولیات کی فراہمی کا عندیہ بھی دیا۔
ضیاء اللہ بنگش نے کہا خیبرپختونخوا میں بہت زیادہ ٹیلنٹ موجود ہیں ہم ان کو سہولیات اور مواقع دیں گے. یہ ہمارے لئے بڑا اعزاز ہے کہ ہمارے صوبے میں میں اتنے بڑے کام ہو رہے ہیں۔ قاضی سجاد کے ہنر سے فوائد حاصل کرنے کے لیے ہم انکو بطور کوآرڈینیٹر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ نامزد کرتے ہیں۔
ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ ایئر کرافٹ اور ہیلی کاپٹرز پر کی گئی تحقیق کو مزید وسعت دیں گے اور ہماری کوشش ہوگی کہ کہ ان کو ریلیف اور ٹورزم سیکٹر میں استعمال کیا جائے۔











