تھرپاکر،28 اگست (اے پی پی ): وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے رین ایمرجنسی میں تھرپارکر ضلع کے لئے مقرر فوکل پرسن صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید سردار علی شاہ نے تھرپارکر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور بارش کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے کہا کہ حکومت سندھ متاثرین کے ساتھ ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی اور متاثر لوگوں کے نقصانات کا اندازہ لگایا جائے گا، انشااللہ متاثرین کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ رین ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے انفراسٹریکچر بہتر کیا جائے۔
وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی پونجومل بھیل نے کہا کہ حکومت سندھ ، بارش کے بعد کی پیدا ہونے والی صورتحال میں عوام کی ہر طرح کی مدد کریگی اور یہ مدد جاری رکھی جائے گی۔ ایم پی اے ارباب لطف اللہ نے کہا کہ ہماری اولین کوشش ہے کہ عوام کو اس مشکل صورتحال سے جلد باہر نکالیں ان متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کی ہے اور ان کی مدد جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیپلو سے جلد پانی صاف کردیا جائے گا نکاسی آب کا کام تیزی سے جاری ہے اس مقصد کے کے لئے اضافی مشینیں نصب کی گئی ہیں ۔











