وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس

96

کوئٹہ،28اگست (اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت منعقد ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کورونا وائرس سے متعلق امور اور تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کے میکنزم کا جائزہ لیتے ہوئے اس متعلق بعض فیصلوں کی منظوری دی گئی، اجلاس میں محکمہ صحت اور محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کو کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ اور کورونا سے متاثرہ افراد کے متعلقین کی ٹریکنگ اور ٹریسنگ کے طریقہ کار کو مزید موثر اور مربوط بنانے کی ہدایت کی گئی، وزیراعلیٰ نے اس موقع پر دفاتر، دکانوں اور ہوٹلوں میں کورونا وائرس کی احتیاطی تدابیر کی ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے سوالنامہ تیار کرکے ان مقامات پر آویزاں کرنے کی ہدایت کی تاکہ جانچا جاسکے کہ عوامی مقامات پر کس حد تک ایس او پیز کو سنجیدگی سے لیا جارہا ہے، اجلاس میں پرائمری سطح سے ہائر ایجوکیشن تک تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز سے متعلق امور کا ہر پہلو سے تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اس حوالے سے اجلاس میں شریک پبلک ہیلتھ ماہرین اور سینئر ڈاکٹروں سے ان کی رائے لی گئی اور ایک جامع میکنزم کی تیاری سے اتفاق کیا گیا جس کے تحت بچوں اور اساتذہ کو ہر ممکن حد تک کورونا وائرس کے اثرات سے محفوظ رکھاجاسکے، وزیراعلی نے پرائمری، مڈل اور ہائی اسکولوں اور کالج و یونیورسٹیوں کے لئے حفاظتی ایس او پیز کی گائیڈ لائن کی تیاری کے لئے صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم کے محکموں کے سیکریٹریوں اور وزیراعلیٰ ڈلیوری یونٹ پر مشتمل کمیٹی قائم کرتے ہوئے اسے چار روز کے اندر سفارشات کی تیاری کا ٹاسک دیا، کمیٹی میں نجی اسکولوں اور مدارس کے نمائندوں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر داخلہ میرضیاء لانگو، چیف سیکریٹری بلوچستان فضیل اصغر، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریوں اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔