سرمایہ کاروں کو سہولیات  کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے: میاں اسلم اقبال

94

لاہور، یکم ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، نئے سیمنٹ پلانٹس لگنے سے صوبے میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہوگی۔

گلوبل سیمنٹ حبیبِ رفیق گروپ کے سی ای او زاہد ندیم نے  منگل کو یہاں صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے ملاقات کی ،جس دوران انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔سول سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات میں نئے سیمنٹ پلانٹس لگانے کے لئے این او سی کے حصول کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

  صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہا کہ سیمنٹ پلانٹس لگانے کے لئے این او سی کے اجراء میں رکاوٹیں دور کریں گے، سیمنٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لئے ون ونڈو کی سہولت دیں گے جبکہ نئے سیمنٹ پلانٹس لگانے کے لئے این او سی کے اجراء میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

 صوبائی وزیر نے متعلقہ محکموں کو این اوسی کے اجراء کے عمل میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ متعلقہ محکمے مقررہ مدت کے اندر این او سی کے اجراء کی پابندی کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ کاری کو فروغ دے کر ہی غربت اور بے روزگاری کے اندھیرے مٹائے جا سکتے ہیں۔