رحیم یار خان ،01ستمبر(اے پی پی ): گرین پاکستان کے مشن کو کامیاب کرنے کے لیے موٹروے پولیس کے سیکٹر کمانڈر میاں افنان امین نے موٹروے دفتر میں پودا لگا دیا ،موٹروے پولیس نے ہر بیٹ میں دو ہزار سے زائد پودے لگائے اور مزید پودے لگانے کا بھی عزم رکھتے ہیں، جن کی دیکھ بھال میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، سیکٹر کمانڈر نے تمام پٹرولنگ آفیسران کو پودوں کی نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔
اس موقع پر سیکٹر کمانڈر میاں افنان نے کہا درخت ماحولیاتی آلودگی کو ختم کرنے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اگر ہر شخص اپنے حصے کا پودا لگائے تو آنے والی نسلیں ماحولیاتی آلودگی سے بچ سکتی ہیں۔ سیکٹر کمانڈر نے شہریوں کو روڈ سیفٹی پر عمل کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ حادثات میں کمی ہو۔











