طوفانی بارشوں کے بعد سندھ بھر میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا؛ وزیراعلیٰ سندھ

115

میرپورخاص،یکم  ستمبر( اے پی پی): وزیراعلیٰ سندھ سیدمراد علی شاہ نے کہا ہے کہ طوفانی بارشوں کے بعد سندھ بھر میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گااس مقصد کیلئے میں خود سندھ کے مختلف ضلعوں کا دورہ کررہا ہوں اور جہاں جہاں گھروں اور فصلوں کو نقصان پہنچا ہے اس کے ازالے کیلئے منتخب نمائندوں اور روینیو افسران پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جوسروے کرکے ہونے والے نقصانات کا رپورٹ دیں گی اور  رپورٹ کی روشنی میں نقصانات کا معاوضہ دیا جائے گا۔

 یہ بات انہوں نے ٹنڈوجان محمدسیم نالے جھڈو اور میرکوٹ جان محمدسیم نالے میں پڑنے والے شگاف سے درپیش مسائل معلوم کرنے کیلئے لوگوں سے ملاقات میں کیا ، انہوں نے کہا کہ 2011کے سیلاب کے بعد یہ بڑی قدرتی آفت ہے اس سے نمٹنے کیلئے جامع پالیسی بنائی جارہی ہے، لانگ ٹرم میں سیم نالوں اور نہروں کے کناروں کو پختہ کرایا جائے گا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو کورونا کے بعد اس قدرتی آفت کاسامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں سیم نالوں اور نہروں میں شگاف پڑے ہیں ان کی تحقیقات کرائی جائے گی کوتاہی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

 وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر میرپورخاص اوردیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ متاثرین کو خیمے اور کھانے پینے کا سامان دیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ماروی پل روشن آباد نوکوٹ اورپرانی موری جھڈمیں پڑنے والے شگاف کا معائنہ کیا ۔انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ شگاف بند ہونے تک کھانے پینے کا سامان فراہم کیا جائے گا۔