پشاور، 01ستمبر(اے پی پی): حیات آباد میڈیکل کمپلیکس نے مریضوں کے لئے او پی ڈی میں ایک نیا نظام متعارف کروادیا ہے جس کے تحت روزانہ ایک مقررہ نمبرز کی حد تک مریضوں کا معائنہ کیا جا سکے گا۔
تفصیلات کے مطابق پچھلے کچھ مہینوں میں اسپتال میں مریضوں کا بے تحاشا رش دیکھنے میں آیا ہے، جو اپنی اپنی بیماریوں کیوجہ سےصبر کے ساتھ انتظار کر رہے ہوتے ہیں اور بعض اوقات رش کے باعث اکثر لوگوں کے نمبر ہی نہیں آ پاتے۔ نئی پالیسی کے مطابق مریضوں کےمعائنہ کےلئے ایک مقررہ نمبرز کی حد کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت مریضوں کا اپنے نمبر کی باری آنے پر معائنہ کیا جائے گا ۔
نئے نظام سے متعلق میڈیکل ڈائریکٹر نے معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ ہسپتال انتظامیہ کی اس حکمت عملی کو اپناتے ہوئے ہسپتال کے عملے سے مکمل تعاون کریں، اسپتال کے احاطے میں غیر مناسب رش سے بچنے کے لئے ایس او پیز کوبرقرار رکھا جائیگا تاکہ کوویڈ وائرس سے نمٹا جا سکے۔











