بہاولپور،02ستمبر(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بہاولپور مظفر خان سیال نے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمہ کے لیے سہ روزہ مہم بہاولپور ضلع میں 21ستمبر سے شروع ہوگی۔ اس دوران پانچ سال تک کی عمر کے 7لاکھ 29ہزار 763 بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مہم کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں اور پولیو ٹیم کے ممبران فعال انداز میں اپنی خدمات سرانجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ چولستانی،دریائی علاقوں اور خانہ بدوش افراد کے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم ذمہ داری کی ادائیگی میں سستی اور غفلت نہ برتی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موبائل، فکسڈ اور ٹرانزٹ ٹیموں کے ممبران جذبہ حب الوطنی سے کام کریں اور پولیو مہم کے دوران ایک بچہ بھی پولیو کی خوراک سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیو مہم کے اراکین کی باقاعدہ ٹریننگ کی جائے تاکہ وہ اپنے فرائض بہتر انداز میں انجام دیں۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر اورنگ زیب ملک نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے296 ایریا انچارج،122یونین کونسل مانیٹرنگ آفیسر،6 تحصیل سپروائزر اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔ علاوہ ازیں محکمہ صحت کے افسران و سٹاف فیلڈ میں متحرک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے1599ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں سے 1288 موبائل ٹیمیں، 167فکسڈ اور144 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ اس دوران رہ جانے والے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو24اور 25 ستمبر کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہد عمران مارتھ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر نذیر کھچی، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اورنگ زیب ملک، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد طارق، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر یاسر نواز، فوکل پرسن راؤ ذاکر،صدر مرکزی انجمن تاجران حافظ محمد یونس، جاوید کریم اور متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔











