لاہور،03 ستمبر (اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب سردارعثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے آج ایک اور تاریخ ساز سنگ میل عبور کر لیا،ضلع لیہ کے علاقے چوبارہ میں 100 میگا واٹ کا سولر پراجیکٹ لگایا جائے گاجس سے ملکی تاریخ کے سب سے کم ترین ٹیرف3.7سینٹ پر بجلی حاصل کی جائے گی اور اس منصوبے پر 10 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو گی۔
وزیر اعلی آفس میں محکمہ توانائی پنجاب کے پنجاب پاورڈویلپمنٹ بورڈ، متبادل توانائی ترقی بورڈ اور زینفا(Zhenfa) پاکستان نیوانرجی کمپنی کے مابین معاہدہ پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی ،وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان مہمان خصوصی تھے،پنجاب پاور ڈویلپمنٹ بورڈ کے مینجنگ ڈائریکٹر، متبادل توانائی ترقی بورڈ کے چیف ایگزیکٹوآفیسر اور زینفاپاکستان نیو انرجی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے لیٹر آف سپورٹ پر دستخط کئے ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ انرجی سے نہ صرف عام شہری مستفید ہوتے ہیں بلکہ صنعتوں کا پہیہ بھی چلتا ہے،پنجاب میں آبادی اورترقی پذیر معیشت کی وجہ سے توانائی کی ضروریات باقی صوبوں کی نسبت زیادہ ہے ،حکومت پنجاب آئین پاکستان کے تحت توانائی کی تمام تر ضروریات اپنے وسائل سے حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی ملکی پیداوار کا تقریباً70فیصد پنجاب میں استعمال ہوتا ہے،بجلی سے حاصل ہونے والی ملک کی بھر کی کل آمدنی کا 82فیصد ریونیو پنجاب ادا کرتا ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ ماضی کے برعکس ہماری حکومت سستی بجلی کے دیر پا ذرائع کے حصول کی طرف گامزن ہے، سابق حکومت نے انرجی کے مہنگے منصوبے لگائے جس سے عوام پر بوجھ پڑا ۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں سکولوں،کالجوں اوریونیورسٹیوں،بنیادی مراکز صحت سمیت دیگر سرکاری عمارتوں کو مرحلہ وار شمسی توانائی پر منتقل کیاجائے گا۔پنجاب کے 950بنیادی مراکز صحت کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کے منصوبے پر کام جاری ہے۔Punjab Energy Efficiency and Conservation Agency محکمہ انرجی کے زیر اہتمام لاہور کی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی اوردیگر سرکاری اداروں کی سولر آئزیشن کیلئے ٹیکنیکل ایڈوائس فراہم کررہاہے۔پنجاب میں توانائی کی بچت کیلئے Energy Conservation Building Codes مرتب کیے جاچکے ہیں اوران پر عملدرآمد کر کے حکومت پنجاب اربوں روپے کی بچت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔انڈسٹریل سٹیٹس،واساز،اورنج لائن ٹرین جیسے منصوبوں کو بھی توانائی کے متبادل ذرائع پر منتقل کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جارہاہے۔
وفاقی وزیر توانائی عمرایوب خان نے حکومت پنجاب کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں سب سے کم ٹیرف پر سولر پراجیکٹ کا معاہدہ کیا ہے جس پر وزیر اعلی عثمان بزدار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں ،سابق حکومتوں نے تیل اور گیس سے بجلی کے مہنگے منصوبے لگائے، ہم سستے ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کر رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ سابق دور میں ناقص پلاننگ کی گئی- نیٹ میٹرنگ کو سنگل فیز پر لائیں گے ،ہم نے ٹرانسمیشن لائن کے نظام کو بہتربنایا ہے اور آج ٹرانسمیشن لائن 24 ہزار میگا واٹ بجلی ترسیل کرنے کی استعداد رکھتی ہے،آج ہم نے یہ منصوبہ شروع کر کے ایک سنگ میل عبور کیا ہے ،واساز کے لئے علیحدہ ٹیرف کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔











