ملتان،05ستمبر (اے پی پی ):فوکل پرسن برائے فلڈ اور اے ڈی سی ریونیو محمد طیب خان نے کہا ہے کہ تحصیل ملتان کی حدود میں دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے ،ہیڈ محمد والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 2 لاکھ کیوسک ہے۔ دو دن قبل ہیڈ محمد والا پر پانی 2 لاکھ45 ہزار کیوسک کو چھُو رہا تھا،پانی کا دباؤ شجاع آباد اور جلالپور پیروالا کی تحصیلوں کی طرف بڑھ رہا ہے۔
شجاع آباد میں ریلیف کیمپس کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اب ضلعی انتظامیہ کا پورا فوکس شجاع آباد اور جلالپور پیروالا پر ہے۔شجاع آباد اور جلالپور پور کے دونوں اے سیز انتظامات کے لئے ایک ہفتہ سے متحرک ہیں۔ تمام محکموں نے سکولوں کی پختہ بلڈنگز میں اپنے کیمپس لگا لئے ہیں جبکہ شجاع آباد میں6 اور جلالپور پیروالا میں3 کیمپس لگائے گئے ہیں۔ریلیف کیمپس میں تمام سٹاف کا ڈیوٹی روسٹر جاری کیا گیا ہے۔
اے ڈی سی ریونیو نے کہا کہ محکمہ صحت کی طرف سے کیمپس میں تمام ادویات موجود ہیں، محکمہ لائیو سٹاک جانوروں کی ویکسی نیشن کر رہا ہے ۔ریسکیو1122 کی بوٹس اور ریسکیور پوری طرح الرٹ ہیں جبکہ تمام محکموں کی فلڈ سے نمٹنے کی تیاریاں مکمل ہیں۔
اس موقع پر اے سی شجاع آباد محمد زبیر اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔











