ملتان ، 05 ستمبر (اے پی پی ): ضلع ملتان میں 5روزہ پولیو مہم کا آغاز21 ستمبر سے ہو گا ، جس میں9لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے۔مہم کامیاب بنانے کے لئے 2281 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔
پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اے ڈی سی ریونیومحمد طیب خان کی زیر صدارت اجلاس ہفتہ کو یہاں منعقد ہوا۔
اجلاس میں اے ڈی سی ریونیو کا کہنا تھا کہ ڈی جی خان اور بہاولپور ڈویژن میں پولیو وائرس کی موجودگی خطرناک ہے،پولیو وائرس ضلع ملتان کے دروازے پر دستک دے رہا ہے، کامیاب مہم کے نتیجے میں ضلع ملتان میں پولیو وائرس کا راستہ روکا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کو100 فیصد کامیاب بناکر بچوں کو اس موذی مرض سے نجات دلائی جا سکتی ہے۔
محمد طیب خان نے کہا کہ پولیو مہم میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں سمیت ریلوے اسٹیشن ، بس اور ویگن سٹینڈ پر قائم ٹرانزٹ پوائنٹس پر خصوصی توجہ دی جائے۔
اجلاس میں سی ای او ہیلتھ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مہم میں کورونا ایس او پیز اور جدید طریقہ کار کو مد نظر رکھا جائےمہم۔کامیاب بنانے کیلئے 134 یونین کونسل میڈیکل آفیسرز اور427 ایریا انچارج مہم کی مانیٹرنگ کریں گے۔
اس مہم میں ٹرانزٹ ٹیمیں بھی تشکیل دی جارہی ہیں، پولیو مہم کے بارے معلومات اور شکایات کے لئےفون نمبر 0619200375 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ارشد ملک سمیت اے سی سٹی عابدہ فرید ، اے سی صدر شہزاد محبوب ،تمام ڈی ایچ اووز ، ڈبلیو ایچ اور یونیسف کے نمائندے ، محکمہ تعلیم، اوقاف اور پولیس کے افسران شریک ہوئے۔











