ملتان،05 ستمبر(اے پی پی): سیکرٹری ہاوسنگ جنوبی پنجاب لیاقت علی چٹھہ نے واسا کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال نے واسا کے امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، بریفنگ کے موقع پر ڈائریکٹرز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
ایم ڈی واسا نے کہا کہ واسا ملتان شہر کی 65 فیصد آبادی کو نکاسی آب کی سروسز دے رہا ہے، 55 فیصد آبادی کو فراہمی آب کی سہولت دی جا رہی ہے جبکہ واسا صارفین کی تعداد تین لاکھ 50 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ ناصر اقبال نے کہا کہ واسا کا ٹیرف انتہائی کم ہونے سے ادارہ کو مالی بحران کا سامنا ہے واسا کی مشینری پرانی ہونے کیوجہ سےآپریشنل امور میں مشکلات درپیش ہیں،11سو کلومیٹر سیوریج سسٹم ناکارہ ہونے سے کراؤن فیلیئر بڑھ گئے ہیں۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ ملتان شہر میں روزانہ 297 ملین گیلن سیوریج کا پانی جنریٹ ہو رہا ہے، سورج میانی ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ذریعے روزانہ 59 ملین گیلن پانی صاف کرکے دریا میں ڈالا جا رہا ہے، ساؤتھ ایریا میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ،سلج کیرئیر کے لیے اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔
ناصر اقبال نے کہا کہ اس میگا پراجیکٹ پر 40 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ میگا پراجیکٹ کا کنسیپٹ پیپر اکنامک افیئر ڈویژن میں چلا گیا ہے۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ واسا پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر کرے اور بلوں کی ریکوری کو بہتر کرنے کے لئے جنگی اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ واسا اپنے ریسورسز بڑھائے، بلوں کے دیرینہ واجبات کی وصولی پر توجہ دے۔











