پاکستان ایک امن پسند ملک لیکن جنگ مسلط کی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دینگے:آرمی  چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

138

راولپنڈی، 6 ستمبر(اے پی پی): پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو ہم اینٹ کا جواب پتھر سے دینگے جس کا مظاہرہ ہم نے بالاکوٹ کے ناکام حملے کے جواب میں دیا، ہمیں نہ تو نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی ہم پہ کوئی دھمکی اثرانداز ہوسکتی ہے، افواج پاکستان پوری قوت سے لیس، چوکنا اور باخبر ہیں اور انشاءاللہ دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری اور پوری قوت سے جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔

وہ اتوار کو یوم شہداء کے موقع پر جی ایچ کیو میں ایورڈ تقیسم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ 6 ستمبر 1965ءکا دِن ہماری تاریخ کا ایک لازوال باب ہے۔ یہ وہ دن ہے جب قوم کی یکجہتی، وطن سے محبت، قربانی اور بہادری کی بے شمار داستانیں رقم ہوئیں۔

انہوں نے  کہا کہ پاکستانی قوم کے لیے چھ ستمبر صرف ایک دن نہیں بلکہ ہمارے حوصلے کی پہچان بھی ہے۔ یہ دِن1948، 1965، 1971، کارگل کی جنگ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے کل بھی اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی تھی اور آج بھی دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کر رہے ہیں۔ اسی لیے آج ہم اپنے شہداءاور غازیو ں کے عظیم کارناموں کو یاد کرنے اور ان کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں۔ ان کی جرات، بہادری اور قربانیوں کی بدولت ہماری آزادی، خود مختاری، امن و سلامتی قائم ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرے سامنے شہدا ءکے اہلِ خانہ موجود ہیں۔ میں انھیں سلام پیش کر تا ہوں، میں انھیں یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کے پیاروں کی قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گے، ہمارے شہید ہمارے ہیرو ہیں اور جو قومیں اپنے ہیرو کو بھول جاتی ہیں وہ قومیں مِٹ جایا کرتی ہیں، میں آپ کے جذبہ ءایثار کو سلام پیش کر تا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ ہم ہر قدم پے آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم آپ کے صبر اور قربانی کی مقروض ہے۔ جس طرح شہداء پوری قوم کا فخر ہیں، اسی طرح آپ بھی ہمارا فخر ہیں۔ میں آج کی تقریب میں اعزازات حاصل کر نے والے آفیسرز، جونئیر کمیشنڈ آفیسرز اور جوانوں کو مبارکباد پیش کر تا ہوں۔ آپ نے فرض کی ادائیگی کے دوران پاکستان فوج کی اعلیٰ روایت کو مقدم رکھتے ہوئے جس پیشہ ورانہ معیار کا ثبوت دیا ہے، ہم سب کو آپ پر ناز ہے۔ آپ کے سینوں پر سجائے جانے والے میڈل، نہ صرف آپ بلکہ ہم سب کے لیے باعثِ افتخار ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ مملکت ِ پاکستان اور عظیم پاکستانی قوم ایک علیحدہ اسلامی تشخص کے نظریے کی علمبردار ہے۔ اسی بنیاد پے ہم نے آزادی حاصل کی اور یہی ہمارے آج اور کل کی پہچان ہے۔ ہمارے دشمن اس شناخت کو مٹانے کے لیے لگاتا ر سازشوں کا جال بنتے آئے ہیں لیکن الحمدللہ افواجِ پاکستان اور قوم نے جذبہءایمانی سے سر شار ہو کر ان کی ہر چال کو ناکام بنایا۔ وطن کی آزادی اور سلامتی ہمارا نصب العین ہے۔ اس مشعل کو ہمارے اسلاف نے اپنے خون سے جلائے رکھا ہے اور ہم بھی اسے روشن رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔

پاک فوج کے بہادر سپاہیوں کو مخاطب کرتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج جیسی دلیر اور بہادر سپاہ کی کمان کرنا میرے لئے بہت بڑا اعزاز ہے۔ہمارا ہر آفیسر اور جوان اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلی نظم و ضبط اور ایثار کی بدولت ایک ایسی فوج کی نمائندگی کرتا ہے، جس کی صلاحیتوں کو دنیا نے تسلیم کیا ہے۔ سرحدوں کے محاذ ہوں یا دہشت گردی، قدرتی آفات کا سامنا ہو یا تعمیرِوطن کے فرائض، پاک افواج اپنی قوم کی حفاظت اورخدمت کو ایک انتہائی مقدس فریضہ سمجھ کر انجام دیتی ہیں۔ پاکستانی قوم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ کوئی دشمن ہماری اس محبت کو شکست نہیں دے سکتا۔ اسی طرح پاکستانی قوم کی پاکستان افواج سے محبت لازوال ہے۔ ان کا اعتماد غیرمتزلزل ہے، میں ان تمام جذبوں کو سلام کرتا ہوں۔

 انہوں نے کہا کہ اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے میں آپ کی توجہ ایک اور چیلنج کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں اور یہ چیلنج 5thجنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پر مسلط کی گئی ہے۔ اس کا مقصد ملک اور افواجِ پاکستان کو بد نام کر کے انتشار پھیلانا ہے۔ ہم اس خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں۔ قوم کے تعاون سے اس جنگ کو جیتنے میں بھی ہم انشا اللہ ضرور کامیاب رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ بیس سالوں میں ہم بڑی آزمائش سے گزرے ہیں۔ مشرقی و مغربی سرحدوں پر حالتِ جنگ کا سامنا رہا، زلزلے اور سیلاب جیسی آزمائشیں بھی درپیش رہیں، دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف ہم نے اعصاب شکن جنگ لڑی، ہزاروں افراد کی قربانی دی اور لاکھوں دربدر ہوئے۔حال ہی میں کورونا جیسی وبا اور ٹڈی دل جیسی آفت کا بھی سامنا رہاجس کا ہم نے کامیابی سے مقابلہ کیا۔ آزمائش کی ان تمام گھڑیوں میں ہم حوصلہ نہیں ہارے بلکہ سینہ تان کر ڈٹ گئے۔ جس کی بدولت اللہ نے ہمیں فتح دی۔ انہوں نے کہا کہ وقت ہمیں کئی بار آزما چکا،ہم ہر بار سرخرو ہوئے ہیں، پاکستان ایک زندہ حقیقت ہے۔ ہمارا خون، ہمارا جذبہ، ہمارا عمل ہر محاذ پر اس کی گواہی دے گا۔