ملتان شہر کی بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی  کیلئے  سوا 2 ارب روپے کے منصوبے پر باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

119

ملتان، 06 ستمبر(اےپی پی ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملتان کا سب سے بڑا اور دیرینہ مسئلہ سیوریج کا ہے، اس مسئلہ پر کئی دہائیوں سے توجہ نہیں دی گئی مگر اب اس اہم ایشو کو حل کرنے کے لئے جامع پلاننگ کی جا رہی ہے، شہر کی بوسیدہ سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے لیے سوا 2 ارب روپے کی مالیت کے منصوبے پر باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جاپان انٹرنیشنل کو آپریشن ایجنسی ( جائیکا) واسا ملتان کو 2ارب 79کروڑ روپے کی مشینری کی خریداری کے لیے خصوصی گرانٹ  دے رہی ہے جس سے واسا کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا بلکہ مدینہ الاولیاء کے باسیوں کو نکاسی آب کے مسائل سے بہت بڑا ریلیف ملے گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار قومی حلقہ 156 میں 52 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر نیو شاہ شمس ڈسپوزل سٹیشن کے افتتاح کے موقع پر اہل علاقہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے  کہا کہ سیوریج کے پانی کی ٹریٹمنٹ کے لیے بھی میگا پراجیکٹ پر عمل درآمد بارے تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہم منصوبوں کے کیسز کی منظوری اور فنڈز کے حصول کے لیے لاہور جاتے تھے آج اللہ کے فضل و کرم سے پورے جنوبی پنجاب کا فیصلہ ملتان بیٹھے ہوئے کر سکتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اپنے منشور میں جو وعدہ کیا تھا اس کو عملی جامہ پہنانا شروع کر دیا ہے جنوبی پنجاب صوبے کی تکمیل کیلئے  اختیارات کی منتقلی، سیکرٹریٹ کے قیام، افسران کی تعیناتی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے،16 محکمے منتقل ہورہے ہیں جن کے سیکرٹری ملتان اور بہاولپور میں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کے حوالے سے اتنی بڑی تبدیلی ہوئی ہے جس کا ابھی لوگوں کو اندازہ نہیں، پنجاب کے سابق ادوار میں جنوبی پنجاب کے اضلاع کے فنڈز شفٹ کر دیے جاتے تھے جس سے نہ صرف ایک سال میں مکمل ہونے والے منصوبے دس دس سالوں میں مکمل ہوتے تھے جس سے ان کی لاگت بہت بڑھ جاتی تھی اور عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا مگر اب پنجاب کے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں جنوبی پنجاب کی4 کروڑ آبادی کے 11 اضلاع کے لیے علیحدہ اے ڈی پی پرنٹ ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ اگلا مرحلہ ملتان میں سول سیکرٹریٹ کا قیام ہے جنوبی پنجاب کے کے سیکرٹریوں کے لیے سرکٹ ہاؤس میں عارضی دفاتر قائم کیے جا رہے ہیں،  مستقل سیکریٹریٹ کے لئے جوڈیشل کمپلیکس کے قریب سینکڑوں کنال سرکاری اراضی کے حصول کا کیس موو کر دیا گیا ہے

  چیئرمین ایم ڈی اے میاں جمیل احمد، سابق چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار  منیجنگ ڈائریکٹر واساناصر اقبال اور دیگر موقع پر موجود تھےقبل ازیں منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نیو شاہ شمس ڈسپوزل اسٹیشن کا منصوبہ ملتان کے شہریوں کے لیے کسی قیمتی تحفے سے کم نہیں اور یہ سٹیٹ آف دی آرٹ پراجیکٹ جنوبی پنجاب بھر میں نکاسی آب کے منصوبوں  میں انفرادی اہمیت کا حامل ہے  جبکہ  اس میگا پراجیکٹ کی تکمیل واسا ملتان کے لیے بھی ایک بڑی خوشخبری  ہے اور اس بڑے منصوبے کے آپریشنل ہونے سے حالیہ مون سون سیزن کے دوران شہریوں  کو نکاسی آب کے حوالے سے بڑی حد تک ریلیف ملا ہے۔

انہوں نے بتایا  کہ 64 کنال رقبے پر محیط   185 کیوسک گنجائش کے ڈسپوزل اسٹیشن میں 14 پمپ ، مکینیکل سکریننگ چیمبر سمیت دیگر جدید مشینری، آلات اور جنریٹرز نصب کیے گئے ہیں جبکہ تین کولکٹنگ ٹینک، ایک آفس بلڈنگ  اور 6 سٹاف کوارٹروں کی تعمیر بھی مکمل ہے جبکہ منصوبے کے تحت ملحقہ علاقوں  میں 12سے 72انچ سائز  کی تقریبا 30 کلومیٹر طویل سیوریج لائنوں کا نیٹ ورک بھی نصب کیا گیا تھا جو کہ تمام  نیو ڈسپوزل سیشن سے منسلک ہو چکا ہے اور اس منصوبے میں رنگیل پور،کڑی جمنداں، ڈیرہ محمدی، لاثانی کالونی ،رام کلی ، لیبر کالونی، گلشن فیض بستی الہ آباد ،ناظم ٹاؤن، رانا ٹاؤن، اسلام پورہ ،محسن ٹاؤن ، گلشن رضا ،ویلج گارڈن ،فضل ماڈل،شورکوٹ ،وزیرِ آباد، الفرید ٹاؤن، الخلیل ٹاؤن، اقراء ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، بہاولپور بائی پاس، بستی دیگر سمیت دیگر علاقوں کو نکاسی آب کی سہولت فراہم ہوئی ہے۔