شعبہ زراعت جنوبی پنجاب میں نئے سٹرکچر کے تحت کام کا آغاز،تمام سٹاف سیکرٹری زراعت ساؤتھ  کی ڈسپوزل پر ہوگا

147

ملتان ،07ستمبر (اے پی پی ): ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب زاہد اخترزمان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں ایک نئے سٹرکچر کے تحت کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ محکمہ زراعت ساؤتھ پنجاب کا تمام سٹاف سیکرٹری زراعت ساؤتھ پنجاب کی ڈسپوزل پر ہوگا اور ان کے لوکل ایشوز ساؤتھ پنجاب سیکرٹریٹ میں حل کیے جائیں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے مینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں منعقدہ شعبہ زراعت جنوبی پنجاب کے ڈویژنل ہیڈز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل بھی موجود تھے۔ زاہد اخترزمان  نے کہا کہ محکمہ زراعت ساؤتھ پنجاب میں گریڈ 20 کی نئی پوسٹیں پیدا کی گئی ہیں۔ زراعت ایک بہت بڑا محکمہ ہے لہٰذا جنوبی پنجاب میں زرعی شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے محکمانہ کارکردگی میں اضافہ ناگزیر ہے۔ تمام افسران اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں سرانجام دیں۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل کا کہنا تھا  کہ ساؤتھ پنجاب میں تمام افسران کو ٹریننگ کی ضرورت ہے لہٰذا ان کی کیپیسٹی بلڈنگ کیلئے ٹریننگ کا بندوبست کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو توقعات ہم سے وابستہ کی گئی ہیں ان پر پورا اتریں گے اور زرعی شعبہ میں ٹیم ورک کے طور پر کام کریں گے۔

انہوں نے  مزید کہا کہ  تمام شعبہ جات کی بہترین کوارڈینیشن اور فاسٹ ٹریک سرگرمیوں پر عملدرآمد کے نتیجہ میں اہداف حاصل کریں گے۔