اسلام آباد , 22 ستمبر (اے پی پی) حکومت نے کورونا وائرس کی وبا میں کمی کے بعد اعلان کیا ہے کہ ایس او پیز کے تحت 23 ستمبر سے چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں کے طلباءسکول جائیں گے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سکولوں کے کھلنے کے دوسرے مرحلہ کا اعلان کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر فیصل سلطان بھی موجود تھے۔ اس بات کا فیصلہ منگل کو این سی او سی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور ڈاکٹر فیصل سلطان بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ شریک تھے۔ شفقت محمود نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کے ضلع راولاکوٹ کے تعلیمی ادارے 23 ستمبر سے نہیں کھلیں گے جبکہ صوبہ سندھ نے بھی تعلیمی اداروں کو 23 ستمبر سے کھولنے پر معذرت کی ہے، سندھ نے کہا ہے کہ وہ مزید ایک ہفتہ کا جائزہ لے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ایک ہفتہ تک کووڈ۔19 کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد 30 ستمبر سے پرائمری کی سطح کے تعلیمی اداروں کے کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ شفقت محمود نے کہا کہ یونیورسٹیاں، انٹرمیڈیٹ کلاسیں (11ویں اور 12ویں) اور 9ویں اور 10ویں کے طلباءپہلے ہی 15 ستمبر سے سکول جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلہ میں بدھ 23 ستمبر سے چھٹی، ساتویں اور آٹھویں جماعت کے طلباءسکول جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنا انتہائی سخت فیصلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں تعلیمی اداروں میں جانے والے طلباءکا بغور جائزہ لیا گیا اور اس کے بعد تیسرے مرحلہ کے فیصلہ کیلئے دوسرے مرحلہ کے طلباءکا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ شفقت محمود نے کہا کہ غلط تاثر پھیلایا جا رہا ہے کہ کچھ تعلیمی اداروں کو کورونا وائرس کی وبا کے پھیلنے کی وجہ سے بند کیا گیا، صرف ان تعلیمی اداروں کو بند کیا گیا ہے جو ایس او پیز پر پوری طرح عملدرآمد نہیں کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ فیصلہ اعداد و شمار اور وزارت صحت کی سفارشات پر کیا گیا ہے، اس سلسلہ کا آئندہ اجلاس 29 ستمبر کو ہو گا جس میں صورتحال کا دوبارہ جائزہ لیتے ہوئے تعلیمی اداروں کے آخری مرحلہ کو دوبارہ کھولنے کا جائزہ لیا جائے گا۔ شفقت محمود نے کہا کہ این سی او سی نے 15 جولائی سے تعلیمی اداروں کو امتحانات لینے کی اجازت دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب کوئی وجہ نہیں کہ تعلیمی اداروں کو امتحانات لینے سے روکا جائے۔ انہوں نے والدین، طلباءاور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ وبا کو پھیلنے سے روکنے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ملک بھر میں گزشتہ ہفتے کورونا کے اوسطاً 594 کیس رپورٹ ہوئے، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کورونا کیسز کی تعداد میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری سکولوں میں 70 ہزار سے زائد جبکہ نجی تعلیمی اداروں میں 19 ہزار کورونا ٹیسٹ ہوئے، کورونا کیسز سے متعلق اعداد و شمار مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سکولوں کی انتظامیہ سے کورونا سے بچاوکیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی اپیل ہے۔











