عوام کی  جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے: عثمان بزدار

99

لاہور 5 اکتوبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیر (ر) اعجاز شاہ اور کشمیر کمیٹی کے چیئر مین شہریار خان آفریدی نے ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے ، ملک کو کئی چیلنجرز کا سامنا ہے  اداروں کے خلاف پراپیگنڈا قابل مزمت اور افسوس ناک ہے قومی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے اور صوبے میں کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیر (ر) اعجاز شاہ کا کہنا تھا بعض عناصر کی جانب سے اداروں پر دشنام طرازی کا کوئی جواز نہیں، اپوزیشن کی جانب اداروں کو متنازعہ بنانے کا مخصوص ایجنڈا بے نقب ہو چکا ہے، اپوزیشن اپنے ملک دشمن بیانیے سے پاکستان کو نقصان پہچانے کے درپے ہیں اور اداروں پر الزام لگانے  والوں کے خلاف قانون کے تحت کاروائی ہو گی۔ شہریار آفریدی نے کہا اداروں کے خلاف بیان بازی کرنے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں، اپوزیشن اداروں کو متنازعہ بنا کر مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہے، منفی سیاست کرنے والوں کا اداروں کو متنازعہ بنانا ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ اور متعلقہ  حکام نے  بھی شرکت  کی۔