کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے رضاکاروں نے مہلک وبا سے لوگوں کو بچانے کیلئے شاندار خدمات سرانجام دیں ؛عثمان ڈار

96

اسلام آباد،13اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت ملک میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے کوششیں کر رہی ہے، کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے رضاکاروں نے مہلک وبا سے لوگوں کو بچانے کیلئے شاندار خدمات سرانجام دیں۔

منگل کو یہاں کنونشن سنٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آئندہ ہفتے ٹائیگر فورس سے خطاب کریں گے اور انہیں ملک میں مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ان کے کردار اور ذمہ داریوں سے آگاہ کریں گے۔ عثمان ڈار نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کورونا ریلیف ٹائیگر فورس  (سی آر ٹی ایف) کو قیمتوں کی نگرانی کی ذمہ داری سونپنے کے حوالہ سے تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا ریلیف ٹائیگر (سی آر ٹی ایف) کے رضاکاروں کو سہولت دینے کیلئے ایک پورٹل تیار کیا ہے جس کے باعث وہ جیو ٹیگ ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی متعلقہ یونین کونسلوں کی مارکیٹوں میں ذخیرہ اندوزی، مصنوعی مہنگائی اور اشیاءکی سرکاری نرخناموں کے آویزاں نہ کئے بارے رپورٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پورٹل tigerforce.gov.pk   کا  کامیاب ٹیسٹ کیا ہے جس کا وزیراعظم کنونشن سنٹر میں باضابطہ افتتاح کریں گے۔ اب تک سی آر ٹی ایف کے تقریباً 172 ہزار ارکان نے ویب سائٹ پر خود کو رجسٹر کرایا ہے۔

 عثمان ڈار نے کہا کہ کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کے حوالہ سے اپوزیشن جماعتوں کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیگر فورس کے رضاکاروں نے کورونا وبا کے دوران نمایاں امدادی سرگرمیاں انجام دیں جنہوں نے بالخصوص ہسپتالوں، یوٹیلٹی سٹورز، مساجد اور احساس ایمرجنسی کیشن سنٹرز پر ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس ایک نظریہ کا نام ہے جس کے ارکان قومی جذبہ اور فرض ادائیگی کے احساس سے سرشار ہیں۔

ملک میں ضلعی انتظامیہ کو درپیش انسانی وسائل کی کمی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی آر ٹی ایف کو اس کی معاونت کیلئے بھیجا جا رہا ہے تاکہ ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کے ایشوز پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ جیسے شہر میں 32 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس تعینات ہیں جو 25 ہزار دکانوں کی چیکنگ کرتے ہیں اور لوگوں کیلئے روزمرہ استعمال کی اشیاءارزاں نرخوں پر دستیابی یقینی بناتے ہیں۔ انہوں نے میڈیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ بھی مصنوعی مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اپنا کردارادا کریں۔