چاغی ،16 اکتوبر (اے پی پی ):پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام پی ڈی ایم کےبیانیے کے خلاف دالبندین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے مظاہرین نے وفاقی حکومت اور پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی ساؤتھ بلوچستان ریجن کے سینئر نائب صدر غلام قادر سنجرانی اور جنرل سیکرٹری ذاکر بلوچ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں کرپشن بچانے کے لیے متحد ہوئے ہیں جن کا مقصد این آر او لینا ہے لیکن وزیر اعظم عمران خان ان کرپٹ عناصر کو کبھی این آر او نہیں دیں گے۔
انہوں نے پی ڈی ایم کی قیادت کی جانب سے ملکی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور دیگر ادارے پاکستان کی شان ہیں جن کے خلاف ہرزہ سرائی دشمنوں کے ایجنڈے کی تکمیل کے مترادف ہے جو ہرگز قابل قبول نہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ہیں، جلسے جلوسوں سے حکومت پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔











