ڈیرہ مراد جمالی، 20اکتوبر(اے پی پی ):سیکرٹری لائیواسٹاک بلوچستان محمد طیب لہڑی نے ایڈیشنل سیکرٹری لائیواسٹاک عنایت اللہ ،ڈائریکٹر جنرل ریسرچ کامران اختر کے ہمراہ نصیرآباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈویژنل ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر لائیواسٹاک کے آفس کا دورہ کیا اور زیر تعمیر سیمن پروڈکشن یونٹ ،اینیمل شیڈ،ریسٹ ہاوس کی بلڈنگز کا مکمل جائزہ لیکر تمام تعمیراتی کام کو ناقص غیر معیاری قرار دیتے ہوئے انکوائری کرانے کاحکم نامہ جاری کردیا۔
بی اینڈ آر ٹو کے سب انجنئیر عابد علی نے انہیں کام کے متعلق بریفنگ دی، اس موقع پر سیکرٹری لائیو اسٹاک محمد طیب لہڑی نے کہاکہ بلڈنگز کا مکمل کام غیر معیاری کیاگیا ہے، گرمی اور ہوا کے لحاظ سے بلڈنگ کے رخ کا خیال نہیں رکھا گیا اور نہ ہی پلیستر ٹھیک سے کیاگیا۔ کھڑکیاں اور مین گیٹ انتہائی ناقص اور کم کوالٹی کے لگائے گئے ہیں، اینیمل شیڈ کے دونوں چھتوں کاسلوپ درمیان میں ہے جہاں جانوروں کو رکھا جائے گا اور بارشوں میں دونوں چھت کا مکمل پانی جانوروں پر گرے گا۔ انہوں نے تعمیراتی کام کو غیرمعیاری قرار دیا اور ہینڈنگ اور ٹیکنگ سے اپنے آفیسران کو روکتے ہوئے سخت برہمی کااظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت مالداروں کی فلاح بہبود کے لئے منصوبہ بندی کررہی ہے اور کئی اہم منصوبے بنائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جانوروں کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے لئے ویکسینشن کاسلسلہ بھی جاری ہے، مال دار محکمہ لائیو اسٹاک کے ڈاکٹر اور عملے کے ساتھ اپنے تعاون کو یقینی بنائیں تاکہ مسلمانوں کے مسائل احسن طریقے سے حل کیئے جاسکیں۔
اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر لائیواسٹاک نصیرآباد ڈاکڑ الہی بخش مستوئی،ڈپٹی ڈائریکٹر لائیواسٹاک نصیرآباد ڈاکٹر علی عبداللہ ساسولی،ڈپٹی ڈائریکٹر صحبت پور ڈاکڑ اعجاز علی کھوسہ، ڈاکٹر شاکراللہ،ڈاکٹر عبدالسلام مستوئی بھی موجود تھے۔











