ملتان ، 20 اکتوبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنرعامر خٹک نے ہدایت کی ہے کہ انسدادِ ڈینگی سے متعلق سرگرمیوں کو بلا تعطل جاری رکھا جائے، پرفارمنس بہتر نہ کرنے والے افسران کو نوٹس جاری کئے جائیں جبکہ بوگس سرگرمیوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
منگل کو یہاں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی اینڈ رسپانس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی ملتان کا کہنا تھا کہ تمام محکموں کے سربراہ ڈینگی بارے سرگرمیوں کو روانہ چیک کریں۔ پرفارمنس بہتر نہ کرنے والے افسران کو نوٹس جاری کئے جائیں، تمام مسائل کو منظم رابطوں سے حل کیا جائے اور اس سلسلہ میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ انسداد ڈینگی بارے وزیر اعلی پنجاب پورٹل کی پانچ شکایات کا ازالہ کر دیا گیا ہے،مجموعی طور پر سرویلینس بہتر رہی ہے اور خلاف ورزی کرنے والے اداروں اور ذمہ داروں کو نوٹس دئیے جارہے ہیں۔
اس کے علاوہ اجلاس میں تمام محکموں کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔
اجلاس میں تمام سرکاری محکموں کے افسران شریک تھے۔











