اخلاقیات کی ترویج معاشرے کی ترقی کی ضامن ہے؛کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال

105

احمدپورشرقیہ، 20 اکتوبر (اے پی پی ): کمشنر بہاول پور ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ اخلاقیات کی ترویج معاشرے کی ترقی کی ضامن ہے اور نصابی و ہم نصابی سرگرمیاں نوجوانوں کو نہ صرف علمی، اخلاقی و جسمانی طور پر صحت مند رکھنے بلکہ ذہنی صحت کو جلا بخشنے میں بھی مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار آصف اقبال چوہدری نے منگل کو یہاں بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ 2020ء کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بطور مہمان خصوصی اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
کمشنر بہاول پور ڈویژن نے عالمگیر سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے پر پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کوخراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے اس عزم اور توقع کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ہمارے نوجوان نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
کمشنر بہاول پور نے کہا کہ پاک افواج کی لازوال قربانیاں نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہیں اورملکی سلامتی و دفاعی اداروں بارے ہرزہ سرائی کرنے والے کسی صورت ارض پاک کے دوست نہیں ہو سکتے۔
اس موقع پر اے ایس علی ون ڈے بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ2020ء میں سید سلطان شاہ، سید سلمان طارق، ڈی او سپیشل ایجوکیشن ثمینہ اختر، ڈی او سپورٹس بہاول پور عامر حمید، ڈی او سپورٹس بہاول نگر مقصودالحسن جاوید سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران، کھلاڑی اور شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔
یاد رہے کہ ون ڈے بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ2020ء میں صوبہ پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخواہ اور اسلام آباد کی بلائنڈ کرکٹ ٹیمیں شریک ہیں۔