تحریک انصاف کی حکومت نے تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کی عوام کو ان کا حق دیا ہے؛ڈاکٹر یاسمین راشد

95

لاہور، 21 اکتوبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا  کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کی عوام کو ان کا حق دیا ہے، جنوبی پنجاب کی عوام کوان کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکی زیرصدارت نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں سینڈیکیٹ کا آٹھواں اجلاس منعقد ہوا۔ سینڈیکیٹ اجلاس میں بی ایس نرسنگ چار سالہ کورس کی منظوری دے دی گئی جبکہ رجسٹرار نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے ایجنڈا کے مندرجات بھی  پیش کئے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدنے سینڈیکیٹ کے ساتویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کر دی اور بی ایس نرسنگ چار سالہ کورس کی منظوری دے دی۔ سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس میں انٹرن شپ کی منظوری دے دی گئی اور سال 2020-21کے 6ارب 14کروڑ روپے سے زائدکے سالانہ بجٹ کے تخمینے کی منظوری دے دی گئی۔

 نشترمیڈیکل یونیورسٹی میں مختلف ریسرچ کورسز کے آغاز کیلئے ہدایت کی گئی ہے، سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد اجمل بھٹی بجٹ تخمینہ جات کو حتمی شکل دیں۔

اجلاس کے آغاز میں شہید سابق وائس چانسلرنشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرمصطفی کمال پاشاکی بلندی درجات کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔