اسلام آباد،21اکتوبر (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے ربیع سیزن 2020-21 میں ایگری ٹیک اورفاطمہ فرٹیلائزر کو نومبر2020 تک آرایل این جی کی فراہمی جاری رکھنے کا فیصلہ کیاہے، ای سی سی نے وزارت دفاع کیلئے جاری مالی سال میں 17 ارب روپے مالیت کے دوتکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دیدی ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کویہاں وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ ومحصولات ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ ڈویژن میں منعقدہوا، اجلاس میں وزارت دفاع کیلئے جاری مالی سال میں 17 ارب روپے مالیت کے دوتکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں وزارت تجارت کی درخواست پرای سی سی نے درآمدی پالیسی آرڈرکے اینکس بی ون میں ریڈی ایشن آپریٹس کو شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزارت صنعت وپیداوارکی جانب سے ربیع سیزن 2020-21 میں ایگری ٹیک اورفاطمہ فرٹیلائزرکیلئے آرایل این جی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی سمری پرای سی سی نے فیصلہ کیا کہ دونوں پلانٹس کو نومبر2020 تک آرایل این جی کی فراہمی جاری رہے گی۔ای سی سی کی جانب سے وزیرصنعت وپیداوارکی قیادت میں قائم کمیٹی مذکورہ مدت کے بعدان پلانٹس کی مزیدآپریشنز سے متعلق تجاویز اورسفارشات مرتب کرکے ای سی سی کے سامنے رکھے گی۔اس کمیٹی میں وزارت خزانہ اوروزارت قومی غذئی تحفظ وتحقیق کے نمائندے شامل ہیں۔











