پاکستانی قوم اور کشمیر ی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے؛وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار

78

لاہور، 27اکتوبر (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کشمیرمیں بھارتی حکومت کے ظلم و تشدد کی پالیسی ناکام ہو چکی ہے۔ پاکستانی قوم اور کشمیر ی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، آج کے دن کشمیری عوام کو باورکرانا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

کشمیرمیں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر اپنے  پیغام میں  وزیر اعلیٰ پنجاب  کا   کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بدل کر مودی سرکار نے تمام اخلاقی، سفارتی اور سیاسی قوانین کو پامال کیا۔بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے لاکھوں افراد کو کرفیو کی پابندیوں میں جکڑ رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی سرکار گولیوں کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو نہیں کچل سکتی۔

  عثمان بزدار نے کہا کہ بندوق کی نوک پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کو دبایا نہیں جاسکتا۔غاصبانہ قبضہ کے ذریعے کشمیری عوام کو حق خودارادیت سے محروم رکھناانسانی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ عالمی برادری کو بھارت پر کشمیر میں آگ اور خون کا یہ کھیل فوری طور پر بند کرنے کیلئے دباؤ ڈالنا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام کی دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔