ملتان،28 اکتوبر (اے پی پی ): وزیر توانائی پنجاب ڈاکٹر اختر ملک سے ہالینڈ کے چار رُکنی وفد نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ۔ملاقات میں وفدنے سولر اور سولڈ ویسٹ انرجی میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کااظہار کیا۔
وزیر توانائی پنجاب نے کہا کہ قائداعظم سولر سے چار گُنا سستا سولر پراجیکٹ لگانا چاہتے ہیں ، متبادل زرائع توانائی پالیسی کے بعد پنجاب سولر اور سولڈ ویسٹ انرجی کے میدان میں سرمایہ کاری کے لئے پرُکشش صوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں سے بات چیت چل رہی ہے، لاہور اور ملتان میں سولڈ ویسٹ ٹو انرجی کے سستے ترین منصوبے جلد شروع کریں گے ،متبادل ذرائع توانائی پالیسی پاکستان کے لئے گیم چینجر ہیں ۔
وزیر توانائی پنجاب اختر ملک نے کہا کہ مختلف کمپنیز متبادل زرائع توانائی میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں ،سولر امپورٹ پر ایکسائز ڈیوٹی ختم کر دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر سولر پینل کی تیاری میں سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے،پنجاب کے عوام کو سستی اور ماحول دوست بجلی کی فراہمی میرا مشن ہے۔