عارف والا،29 اکتوبر(اے پی پی ): عظمت شان مصطفیٰ ﷺ کے سلسلہ میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن عارفوالا کے زیر اہتمام توہین آمیز خاکوں کی دوباہ اشاعت اور فرانسیسی صدر کی طرف سے ناموس رسالت ﷺ کی گستاخی کے خلاف تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سے زیر قیادت صدر پی ایم اے ڈاکٹر سعید احمد شیخ اور ڈاکٹر عبدالحمید ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فرانسیسی صدر کے خلاف تحریریں درج تھیں، ریلی میں ڈاکٹرز ،پیرامیڈیکس سمیت سول سوسائٹی کے افراد نے کثیر تعداد نے شرکت کی ۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ناموس رسالت ﷺ کی خاطر ہم اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے دریغ نہیں کریں گے اس وقت پوری امت مسلمہ یک جان ہے، مقدس ہستیوں کی توہین کرنا اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سازش ہے، وہ مسلمان ممالک کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے فرانس اور اس کے حمایتی ممالک کی مصنوعات کامکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے حکومت وقت سے مطالبہ کیا کہ فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کر کے فرانس کے سفارت خانے کو مستقل بند کیا جائے ۔











