لاہور
،4 نومبر:(اے پی پی): وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سے چیئرمین پنجاب سرمایہ کاری بورڈ سردار تنویر الیاس نے بدھ کو یہاں ملاقات کی ، جس دوران صوبے میں سرمایہ کاروں کو فراہم کردہ سہولتوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سردار تنویر الیاس نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو صوبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے فراہم کردہ ساز گار ماحول اور اہم اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری سمیت ہر شعبے میں سب سے آگے ہے ، آج پنجاب سرمایہ کاروں کے لئے سب سے محفوظ صوبہ ہے،صوبے میں سرمایہ کاروں کو پہلی بار ایک چھت تلے تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا صنعتی شعبے کے لئے خصوصی توانائی پیکیج سرمایہ کاری میں فروغ کا باعث بنے گا،سرمایہ کاری بڑھنے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ماضی کی حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے کوئی عملی اقدام نہیں کیا،سابق دور میں قومی سرمایہ اپنی جیبوں میں ڈالا گیا اور ملک کو کنگال کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب حکومت نے تعمیراتی شعبے کیلئے شاندار پیکیج دیا ہے، تعمیراتی شعبوں سے متعلقہ اجازت ناموں کے حصول کیلئے ون ونڈو سسٹم متعارف کرادیا ہے۔











