سکول کھانا پروگرام ، ابتدائی طور پر 100 سکولوں میں 23000 طلبا کو کھانا روزانہ کی بنیادوں پر فراہم کیا جائے گا: صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس

111

لاہور04 نومبر(اے پی پی): صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے  کہا ہے کہ سکول کھانا پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر 100 سکولوں میں 23000 طلبا کو کھانا روزانہ کی بنیادوں پر فراہم کیا جائے گا۔ سکول کھانا پروگرام کے تحت شروعات میں پرائمری سکولوں کے طلبا کو کھانا فراہم کیا جائے گا۔ طلبا میں تقسیم کئے جانے والا کھانا اعلی اور معیاری قسم کا ہے،  سکول کھانا پروگرام کو وقت کے ساتھ ساتھ مزید طلبا کے لیے بڑھایا جائے گا۔

 ان خیالات  کا اظہار   صوبائی وزیر نے بدھ کو یہاں گورنمنٹ پرائمری سکول گلاب دیوی لاہور میں سکول کھانا پروگرام کے افتتاح کے موقع پر کیا ،   سکول کھانا پروگرام کا انعقاد اللہ والے ٹرسٹ کی معاونت سے کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے لانچنگ تقریب کے دوران طلبا میں خود کھانا تقسیم کیا ۔

ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ جب تک بچوں کی خوراک اچھی نہ ہو  تو ان کی ذہنی و جسمانی نشوونما بہتر نہیں ہو سکتی۔سکولوں کو بند کرنے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ اب تک پورے پنجاب سے کُل 400 کے قریب طلبا و اساتذہ میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔  اگر کورونا وائرس کے پھیلاو کے حوالے سے صورتحال بگڑی تو سکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ لیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ  ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے کسی بھی قسم کی بدانتظامی یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔   کرونا وائرس سے بچاؤکے لئے ہمارے تمام سکولوں میں ایس او پیز پر بھرپور عملدرآمد کیا جا رہا ہے  جبکہ اساتذہ کو درپیش مسائل حل کرنے کے لئے پہلے دن سے کام کر رہے ہیں۔