اسلام آباد،10نومبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے قزاخستان میں پاکستان کے نامزد سفیر سجاد احمد سہیڑ نے منگل کو یہاں ملاقات کی۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے نامزد سفیر کو قزاخستان میں تقرری پر مبارکباد دی ۔صدر عارف علوی نے سیاسی ، تجارتی ، ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں قزاخستان کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی رابطے معاشی ترقی کے لئے از حد ضروری ہیں اور چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری نے خطے میں رابطوں کے زبردست مواقع پیش کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قزاخستان بھی چائنا پاکستان اقتصادی راہداری سے مستفید ہوسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی اور ثقافتی روابط کو فروغ دینے کے لئے کوششیں کریں۔











