عارف والا؛ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت، فرانسیسی صدر کیخلاف صحافیوں کی جانب سے  احتجاجی ریلی

76

عارف والا ،11 نومبر (اے پی پی ): ناموس رسالتﷺ کے سلسلہ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور فرانسیسی صدر کے خلاف صحافیوں نے بدھ کو یہاں احتجاجی ریلی  نکالی ، ریلی بلدیہ چوک سے نکالی گئی  جس میں تحصیل عارفوالا کے صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے  جن پر ختم النبینﷺ کی شان میں تحریریں درج تھیں۔ ریلی لبیک یارسول اللّٰہﷺ کے نعروں سے گونج اٹھی ۔

ریلی مختلف بازاروں سے گزر کر جناح چوک پہنچی جہاں پر مقررین رانا حق نواز ، انیس عامر بھٹی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی آخر زماں حضرت محمد عربی ﷺ کی زندگی ہمارے لیے بہترین نمونہ ہے  ۔سرکار دو عالمﷺ کی حیات مبارکہ پوری دنیا کیلئے امن اور پیار محبت کے درس کی بہترین مثال ہے، ہمیں آقا دوجہاںﷺ کی سنت مبارکہ پر عمل کرکے دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل ہوسکتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ فرانسیسی صدر اور گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے، حکومت پاکستان فی الفور فرانس کی تمام مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ اور فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم کسی گستاخ ملک کے ساتھ تجارتی و سفارتی تعلقات برقرار نہیں رکھنا چاہتے ۔