پی ٹی آئی کی حکومت تھانہ کلچرکی تبدیلی اور عوامی سہولت کیلئے محکمہ پولیس کو جدید سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے گی: عثمان ڈار

150

اسلام آباد۔14نومبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈارنے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت تھانہ کلچرکی تبدیلی اور عوامی سہولت کیلئے محکمہ پولیس کو جدید وسائل اور سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھے گی، انویسٹی گیشن کے معیار کواپ گریڈ کرکے پنجاب پولیس کی استعداد کار کو بڑھانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔وہ سیالکوٹ میں 7ویں ماڈرن پولیس اسٹیشن کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ پولیس افسران کو عوام میں احساس تحفظ کے فروغ اور انکے مسائل کے حل کیلئے جذبہ حب الوطنی سے کام کرناہو گاصوبے میں قانون کی حکمرانی اور شہریوں کو جرائم سے محفوظ رکھنے کیلئے عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکو متوں نے  پولیس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا لیکن سہولیات فراہم نہ کر سکیں ۔ شہریوں کے جان ومال کی حفا ظت کرنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں عثمان ڈار نے کہا کہ اپوزیشن اپنے شر انگیز بیانیہ سے ہٹ گئی ہے اور ان کے ارکان بھی ان کے بیانیہ کے خلاف   ہیں۔  ملکی وقار کے منافی رویہ سے اپوزیشن اتحاد کا شیرازہ بکھر گیا ہے۔ اداروں کے خلاف باتیں کرنے والوں کو پہلے بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور آئندہ بھی یہ عناصر ناکام رہیں گے۔