عارفولا،16نومبر ( اے پی پی): عارف والا میں ہفتہ عظمت شان خاتم النبین ﷺ کے سلسلہ میں بلدیہ کے رحمت اللعالمین ہال میں سرور کونین ﷺ کی بارگاہ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرنے کیلیے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں تحصیل بھر سے مختلف سرکاری سکولوں کے اساتذہ کرام ، طلباء اور عاشقان رسول ﷺ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں طلبہ نے شان رحمت العالمین ﷺ کی بارگاہ نعت رسول مقبولﷺ کی سعادت حاصل کی تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر علیزہ ریحان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نبی آخر الزماں حضرت محمد عربی ﷺ کی تشریف آوری پوری دنیا کیلیے باعث رحمت ہے۔ سرکار دو عالم ﷺ کی حیات مبارکہ پوری دنیا کیلیے بہترین نمونہ ہے ۔آپ ﷺ نے ہمیشہ امن و محبت اور بھائی چارے کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بھی راحت العاشقین محبوب خدا ﷺ کی سنت مبارکہ پر عمل کرنا ہوگا تاکہ دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل ہوسکے۔











