ملتان ، 18 نومبر (اے پی پی ): منیجنگ ڈائریکٹر واسا ناصر اقبال نے کہا ہے شہریوں کی نکاسی آب کی شکایات کے بروقت ازالہ میں سستی برداشت نہیں کی جائےگی، تمام ڈپٹی ڈائریکٹرز سیوریج اپنی اپنی حدود میں شہریوں کو فوری ریلیف کے لیے جامع حکمت عملی ترتیب دیں اور جن علاقوں میں سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے منصوبے جاری ہیں ان علاقوں کو بھی ریلیف دینے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز نقشبند کالونی،ٹویا تقی شاہ والا،معصوم شاہ روڈ اور متی تل روڈ پر سیوریج منصوبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ نقشبند کالونی میں سیوریج لائن کی تبدیلی کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 24 انچ سائز 2100فٹ نئی لائن ڈالنےکے منصوبے پر کام جاری ہے اور اب تک تقریبا پانچ سو فٹ لائن ڈالنے کا کام مکمل کیا جا چکا ہے جس پر ایم ڈی واسا نے کام میں تیزی لانے اور روزانہ کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ پائپ لگانے کی ہدایت کی جبکہ ٹویا تقی شاہ والا لا اور معصوم شاہ روڈ رائٹرز کالونی میں سیوریج کا کام بھی جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹرز سیوریج سینٹرل اور نارتھ ڈویژن حافظ محمد وقاص،محمد ساجد اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔











