وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس، اصلاحاتی عمل پر ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی

120

اسلام آباد،3دسمبر  (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت توانائی کے شعبے میں کی جانے والی اصلاحات کے حوالے سے اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا ،اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کو اصلاحاتی عمل پر ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم نے صنعتوں کے لیے دئیے گئے انڈسٹریل  پیکج پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ای سی سی نے اس پیکیج کے تحت دی جانے والی ٹیرف اور سبسڈی کی آج منظوری دے دی ہے جس کا اطلاق گزشتہ ماہ نومبر سے کیا جائے گا۔   اجلاس کو آئی پی پیز سے ہونے والے مذاکراتی عمل کے حوالے سے بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم نے توانائی شعبے سے وابستہ مسائل کے پائیدار حل وضع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے عوام کو سہولتیں دینے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت دی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر، وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، وزیر صنعتی پیداوار حماد اظہر، وزیر توانائی عمر ایوب، مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد، مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ، معاون خصوصی ندیم بابر، معاون خصوصی تابش گوہر، سیکرٹری برائے توانائی اور دیگر اعلیٰ حکام  نے  شرکت کی ۔