کوئٹہ،3دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ حل کرنے کے لیے کوئٹہ، مستونگ اور قلات کے لیے ایک ارب روپے کی لاگت سے نئی بچھائی جانے والی گیس پائپ لائن کا افتتاح کردیا،اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا کہ موسم سرما میں گیس پریشر میں کمی کا دیرینہ مسئلہ تھا سریاب روڈ پر 40 سالہ 6 انچ کی پائپ لائن تھی جو علاقے کے لئے ناکافی تھی،شہر کے مختلف علاقوں کے دونوں اطراف پر 8 انچ کی نئی پائپ لائن بچھائی جارہی ہے گیس پائپ لائن کے منصوبے پر 1 ارب روپے لاگت آئیگی جس کے بعد کوئٹہ میں گیس کا مسئلہ حل ہو جائیگااور نئی گیس پائپ لائن کا عمل ستمبر 2021 تک مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ بلوچستان نیشنل پارٹی دوبارہ حکومتی اتحاد کا حصہ بن سکے ،پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا ہے بطور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی حلقہ انتخاب سے بالاتر ہوکر اسلام آباد میں پورے صوبے کے لوگوں کی نمائندگی کررہا ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ 47سال بعد وزیراعظم عمران خان نے تربت کا دورہ کرکے جنوبی بلوچستان کے نو اضلاع کے لیے 6سو ارب روپے کا پیکج دیا،کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف نے اپنے جلسے اور بڑے اجتماعات منسوخ کردیئے ہیں، اگرچہ جلسے جلوس کرنا ہر سیاسی جماعت کا جمہوری حق ہے مگر اپوزیشن جماعتیں عوام کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے اپنے جلسے منسوخ کردے ۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں پانی کی کمی کو دور کرنے کے لیے کئی ڈیمز زیر تعمیر ہے جبکہ مختلف علاقوں میں سولر ٹیوب ویلز لگائے گئے ہیں عوام پانی کے استعمال میں احتیاط برتے،سرکاری اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانا انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی ، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر کے ہمراہ جلد شمالی بلوچستان کے مختلف اضلاع کے دورے کرکے مجوزہ ترقیاتی پیکج کے خدوخال وزیراعظم عمران خان کو پیش کریں گے،بلوچستان آدھا پاکستان ہے مگر آبادی صرف 6 فیصد ہے کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں پشتون بلوچ ہزارہ،سندھی ،سرائیکی، سیٹلرز اور پنجابی سمیت تمام اقوام کے لوگ پیار محبت سے زندگی گزار رہے ہیں اور حکومت رنگ ونسل اور زبان کے تفریق کو بالائے طاق رکھ کر عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔
اس موقع پر جنرل منیجر سوئی سدرن گیس کمپنی مدنی صدیقی ،پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالباری بڑیچ ،مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات داود خان پانیزئی ،زکوة چیئرمین ڈسٹرکٹ کوئٹہ سردار زین العابدین خلجی،سید ظہور آغااور دیگر بھی موجود تھے۔











