سیالکوٹ،5دسمبر (اے پی پی):ایئر سیال ایئر لائن کے طیارے کی پہلی پرواز کامیابی کے ساتھ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترگئی، سیالکوٹ کے برآمد کنندگان نے ایئرپورٹ پرمنعقدہ خصوصی افتتاحی تقریب کے دوران اس طیارے کا پرتپاک استقبال کیا۔سیالکوٹ ایئرپورٹ پر لینڈنگ پر اس طیارے کو واٹر کینن کی سلامی دی گئی۔
اس موقع پروزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نو جواناں عثمان ڈار ، صوبائی وزیر برائے خصوصی تعلیم پنجاب چوہدری محمد اخلاق ، چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ میاں نعیم جاوید ، وائس چیئرمین محمد افضل شاہین ، سی ای او بابر اقبال ، چیئرمین ایئرسیال فضل جیلانی ، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری قیصر اقبال بریار ، سیالکوٹ بزنس کمیونٹی کے رہنما ریاض دین شیخ اور ایوی ایشن انڈسٹری سے وابستہ اہم افرادبھی موجود تھے۔
تقریب کے شرکاءنے ایئر سیال ایئر لائن کے طیارے کا پرتپاک استقبال کیا اور سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے میگا پروجیکٹ کو کامیابی کے ساتھ قائم کرنے کے بعد سیال ایئر لائن کے قیام کے اس دوسرے میگا پروجیکٹ کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے پر سیالکوٹ کے ایکسپورٹرز کو مبارکباد پیش کی۔
چیئرمین سیال میاں نعیم جاوید نے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان 09دسمبر کو سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقدہ خصوصی افتتاحی تقریب کے دوران ایئرسیال ایئر لائن کا آغاز کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے برآمد کنندگان نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قیام کے بعد اس ایئر لائن کو قائم کرکے اپنی مدد آپ کی ایک انوکھی مثال پیش کی ہے۔
آج سیالکوٹ کے برآمد کنندگان کا آج اپنی نجی ایئر لائن رکھنے کا خواب حقیقت بن گیاہے۔جس پر سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی مبارکباد کی مستحق ہے۔











