پشاور، 7دسمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت قبائلی اضلاع کی تیز تر ترقی اور انکی 72 سالہ محرومیوں کا ازالہ کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے، قبائلی اضلاع میں تمام تر ترقیاتی منصوبے وزیراعلی محمود خان خود مانیٹر کررہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر بلدیات الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان نے پیر کو یہاں ضلع خیبر تحصیل جمرود کے خصوصی دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ضلع خیبر میں جاری، مکمل و شروع ہونے والے تمام منصوبوں کے بارے میں صوبائی وزیر کو بریفنگ دی۔
اکبر ایوب خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر صوبائی وزراء قبائلی اضلاع کے دورے کررہے ہیں اور مسائل سے آگاہی حاصل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی اضلاع کے انضمام کا مرحلہ بطریق احسن نبھانا ایک بہت بڑا چیلنج تھا جس کو موجودہ حکومت نے وزیراعظم عمران کی قیادت میں پورا کیا۔صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ موجودہ حکومت نے قبائلی اضلاع کو ملک کے دیگر علاقوں کے برابر لانے کے لیے تین سالہ تیز تر ترقیاتی منصوبوں کیساتھ ساتھ دس سالہ ترقیاتی پروگرام پر بھی عمل پیرا ہے۔
تقریب میں شریک قومی و سماجی مشران نے صوبائی وزیر کو اپنے مسائل سے اگاہ کیا۔ وزیر بلدیات نے عوامی مسائل حل کرنے کے لیے موقع پر ڈپٹی و اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کردی۔صوبائی وزیر نے تحصیل میونسپل ایڈمنیسٹریشن کو جمرود بازار میں صفائی ستھرائی، پینے کا پانی اور واش رومز مہیا کرنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے۔ انہوں نے لوگوں کو اعتماد دلایا کہ مقامی نوکریوں پر مقامی لوگوں میرٹ پر بھرتی ہونگے تاکہ ضلع خیبر میں بے روزگاری کی شرح کو کم کیا جا سکے۔
اکبر ایوب خان نے کہا کہ ملاگوری کی عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اور ان کے مسائل ماربل انڈسٹری، بچیوں کے لیے تعلیم، بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی، سڑکوں اور سرکاری عمارتوں کی تعمیر، تاریخی تجارتی اہمیت کو دوبارہ سے فعل بنانا اور دیگر قومی مسائل کو صوبائی کابینہ اور ٹاسک فورس کے اجلاسوں میں ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کیا جائے گا، تاکہ مسائل کے حل کے لیے وزراء پر مشتمل کمیٹیاں بنائی جاسکیں اور تمام مسائل کا بنیادی حل نکالا جاسکے۔
تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی الحاج محمد شفیق افریدی، ایم پی اے بلاول آفریدی، ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر محمود اسلم وزیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد ریاض، اسسٹنٹ کمشنر نیک محمد کے علاوہ قومی و سماجی مشران بھی شریک ہوئے۔











