چنیوٹ،07 دسمبر(اے پی پی ):آئی جی پنجاب کے وژن کے مطابق معاشرے میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے،خواتین کے مسائل کے حل کیلئے تھانہ صدر میں ویمن ہیلپ ڈیسک قائم کردیا گیاہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چنیوٹ بلال ظفر،ایم پی اے سلیم بی بی بھروانہ نے ویمن ہیلپ ڈیسک کا افتتاح کیا۔ایم پی اے سلیم بی بی بھروانہ نے ویمن ہیلپ ڈیسک کا دورہ کیا،کام کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈی پی او بلال ظفرنے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع چنیوٹ میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے،ہراسگی کے واقعات،ڈومیسٹک وائلنس اور دیگر ایشوز کے حل کیلئے ویمن ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیاہے۔اس ہیلپ ڈیسک کے قیام کا مقصد خواتین کے مسائل کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے بروقت حل کروانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع چنیوٹ میں پچھلے ایک سال میں پولیس کو موصول ہونے والی 23فیصد شکایات خواتین کی تھیں لیکن ان کے حل کیلئے کوئی مناسب فورم موجود نہیں تھا،اب اس ہیلپ ڈیسک کے ذریعے خواتین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروائے جائیں گے۔
ڈی پی او بلال ظفرنے کہا کہ ویمن ہیلپ ڈیسک پرخواتین لیڈی افسران کو بہتر انداز سے اپنے مسائل بیان کرسکیں گی۔فوجداری،دیوانی کیسز میں قانونی چارہ جوئی کیلئے مستحق خواتین کوپولیس کی جانب سے وکیل مہیا کیاجائے گا۔وراثتی جائیداد،زمینی تنازعہ و دیگر مسائل کیلئے اسسٹنٹ کمشنر چنیوٹ فوکل پرسن ہیں جو ترجیحی بنیادوں پر خواتین کے مسائل حل کروائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ویمن ہیلپ ڈیسک کے ذریعے دارالامان انتظامیہ سے کوآرڈینیشن کیا گیا ہے دارالامان میں کسی خاتون کو جان کا خطرہ ہوا تو پولیس اسکو تحفظ فراہم کرے گی اور قانونی کاروائی کرے گی۔
ایم پی او سلیم بی بی بھروانہ نے گفتگو کرتے ہوئے ویمن ہیلپ ڈیسک کے قیام کو سراہااور کہا کہ ہیلپ ڈیسک کے قیام سے خواتین کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔











