ملتان، 03 جنوری(اے پی پی ):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جنوبی پنجاب صوبے کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، یہاں کے عوام کے روشن مستقبل کیلئے جنوبی پنجاب صوبے کا خواب زندہ تعبیر ہوگا، وزیراعظم عمران خان کے دورہ ملتان میں ملتان کیلئے ایک بہت بڑے ترقیاتی پیکیج منظور کیا جا ئے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو ملتان میں مدنی چوک تا الفلاح مارکیٹ فلائی اوور کے میگا منصوبے کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا بھارت پاکستان میں افرا تفری اور انتشار پھیلا کر عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے، پاکستان کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی سازش ہو رہی ہے ، ہم نے ڈوزیئر کے ذریعے بھارت کے ناپاک عزائم کی دنیا بھر میں تشہیر کی اور ہندوستان کے منصوبوں کو بے نقاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈس انفو لیب نے انکشاف کیا کے 750جعلی ویب سائٹ کے ذریعے بھارت پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور منصوبہ بندی کررہاہے،کچھ قوتیں پاکستان کو داخلی و خارجی محاذ پر نقصان پہنچاناچاہتی ہیں،ہمیں ایسی قوتوں کو بے نقاب کرنا ہوگا اور انہیں شکست دینا ہوگی۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا وزیراعظم پاکستان ملکی معیشت کی مضبوطی کیلئے ٹھوس پالیسیاں بنا رہے ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔انہوں نے کہا ملکی معیشت کاپہیہ چل پڑا ہے جو اب کبھی نہیں رک سکتا،دو سال پہلے ملتان اور فیصل آباد کی پاور لوم انڈسٹری زبوحالی کا شکار تھی اور پاور لوم فیکٹریاں کباڑ میں فروخت ہو رہیں تھیں۔ وزیراعظم نے پاور لوم انڈسٹری کی بحالی کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا ہے، جس کی بدولت پاور لوم کے کاروبار سے وابسطہ دو لاکھ خاندان مستفید ہونگے۔
انہوں نے کہا حکومت عوام کی زندگی میں آسانی پیدا کرنے کیلئے عوام دوست پالیسیاں بنا رہی ہے، مدنی چوک فلائی اوور منصوبہ یہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جس کے لئے یہاں کے عوام نے کئی دفعہ احتجاج کیا۔انہوں نے کہا ماضی میں عوام کو جھوٹی تسلیاں اور وعدہ کئے گئے عملی اقدامات نہ کئے گئے۔ ہم جھوٹے وعدوں اور نعروں پر یقین نہیں رکھتے ہم عملی اقدامات کرتے ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی و وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر نے کہا مدنی چوک فلائی اوور این اے 155 ،این اے 156 کا جڑوانہ منصوبہ ہے جو یہاں کے عوام کا درینہ مطالبہ تھا، اس منصوبے کا کریڈٹ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو جاتاہے جن کی ذاتی دلچسپی کی بدولت اس میگا پروجیکٹ کا آج سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کا مشکل وقت ختم ہوچکاہے، اگلے دو سال ملتان اور بلخصوص جنوبی پنجاب کی ترقی کے سال ہونگے۔
تقریب سے صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اخترانصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا مدنی چوک فلائی اوور منصوبہ یہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جو آج سرخروہو رہاہے ۔ الیکشن کے دنوں میں عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کا وقت آن پہنچا ہے۔عوا م سے جو بھی وعدے کئے پورے کرینگے۔
تقریب میں صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی و معززین علاقہ کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔











