ریسکیو 1122 نارووال نے سال 2020 میں 9238 ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس کرتے ہوئے 9236 افراد کو ریسکیو کیا: انجینئر عدنان نواز،

69

 نارووال،06 جنوری ( اے پی پی) :ریسکیو 1122نارووال کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر عدنان نواز نے بتایا کہ سال 2020 میں ریسکیو 1122نارووال کنٹرول روم میں موصول ہونے والی کالز کی تعداد 336974 تھیں، جن ایمرجنسیز کالز پر ریسکیو نارووال نے رسپانس کیا ان کی تعداد 9238 تھیں، ایسی کالز جن کا ریسکیو سروس سے کوئی تعلق نہیں، ایسی غیر متعلقہ کالز کی تعداد 239941 اور  4053 ڈسٹربنگ کالز ، معلوماتی کالز 17157 اور رونگ کالز کی تعداد  66585 تھیں۔

سال 2020 کی رپورٹ کے مطابق ضلع نارووال میں جن کالز پر ریسکیو 1122 نے رسپانس دیا، ان ایمرجنسیز میں روڈ ٹریفک حادثات 2265 ، میڈیکل 5163 ، کرائم کیس 283 ، فائر ایمرجنسیز 162 ، ڈوبنے کی 9 ، عمارات گرنے کے 7 اور متفرق ایمرجنسیز کی تعداد 1349 تھیں۔

پورے سال  میں ٹریفک حادثات ، میڈیکل اور متفرق ایمرجنسیز میں 9236 افراد کو ریسکیو کیا، جن میں 1114 افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی اور 7882 افراد کو ابتدائی طبی امداد دے کر ہسپتال منتقل کیا گیا، اورمختلف ایمرجنسیز میں 240 افراد جاں بحق ہوئے۔سال 2020 میں ریسکیو 1122 نارووال کا ایوریج ریسپانس ٹائم 6.12 منٹ رہا-

علاوہ ازیں پیشنٹ ٹرانسفر سروس کے تحت مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے  کل 1451 مریضوں کو  بڑے ہسپتالوں میں شفٹ کیاگیا-

ریسکیو 1122 نارووال کے جوان کورونا جیسی آفت، سے نمٹنے کے لئے بھی پیش پیش رہے. ریسکیو 1122 کے جوانوں نے سال 2020 میں نارووال میں 87 کنفرم اور سسپکٹد کورونا کے مریضوں کو مختلف قرنطینہ سنٹرز اور ہسپتالوں میں منتقل کیا اس کے ساتھ ساتھ کورونا سے وفات پا جانے والے17 لوگوں کو عزت و احترام سے ساتھ دفن کیا، اور کورونا کے دوران نارووال کی تینوں تحصیلوں اور قصبوں میں مختلف پبلک مقامات، ہسپتالوں، سبزی منڈیوں، قرنطینہ سنٹرز. بنکوں، مسجدوں، بازاروں، پولیس اسٹیشنز، ریلوے اسٹیشنز، جوڈیشل کمپلیکس، ڈی سی کمپلیکس، سکولوں، کالجوں، سرکاری دفاتر وغیرہ میں جراثیم کش سپرے کی گئی،

 اس موقعہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجنئیر عدنان نواز کا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کسی بھی ایمرجنسی یا سانحہ سے نمٹنے کے لئے ہر وقت تیار ھے، ریسکیو1122 کا ادارہ عوام کا ادارہ ہے اور ہم عوام کی فلاح کے لئے کام جاری رکھیں گے۔ ہمارا مقصد عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنا ہے۔رپورٹ کے مطابق سال 2020 میں ریسکیو 1122  کو 310579  غیر ضروری کالز موصول ہوئی ہیں۔لہذا ہم میڈیا کے توسط سے عوام سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس نمبر پر غیر ضروری کالز  سے اجتناب کریں-

سال 2020 میں ریسکیو 1122نارووال نے محفوظ معاشرے کے قیام کے لئے جو بیڑہ اُٹھایا ھے اس کے تحت پورے سال میں سکولز،کالجز،یونین کونسلز، سرکاری ادارے اور نجی اداروں میں کمیونٹی سیفٹی کی ورکشاپ کروائی، اور رضاکاروں کی رجسٹریشن کی اور کمیونٹی ایکشن فار ڈزاسٹرر کی ٹریننگ کروائی گی-