صحت عامہ کویقینی بناناحکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے؛ڈاکٹریاسمین راشد

88

لاہور،06جنوری(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ الحمداللہ پوری دنیاکی نسبت پاکستان میں کوروناوائرس کی صورتحال بہت بہترہے،صحت عامہ کویقینی بناناحکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد نے مقامی ہوٹل میں “کوروناکی بہترروک تھام کیلئے تشخیص کی اہمیت اور درپیش چیلنجز”کے عنوان پر منعقدہ سیمینارمیں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔ سیمینارمیں کوروناوائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کیلئے اقدامات اور ٹیسٹنگ صلاحیت مزیدبڑھانے پرسیرحاصل گفتگوکی گئی۔سیمینارمیں مقررین نے پنجاب میں کوروناوائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے بہتراقدامات اٹھانے پر وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی کاوشوں کوسراہا۔

اس موقع پر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ بہترین موضوع پر آگاہی سیمینار منعقد کروانے پر انتظامیہ کوشاباش دیتی ہوں،کوروناوائرس نے پوری دنیاکی معیشت کوبری طرح متاثرکیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوروناوائرس کامقابلہ کرنے کیلئے حکومت پنجاب نے وسائل میں بے پناہ اضافہ کیا۔پنجاب میں 18جدید بی ایس ایل لیول تھری کی لیبز قائم کی گئیں۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا  کہ19ویں بی ایس ایل تھری رحیم یارخان میں بنائی جارہی ہے،پنجاب میں کنٹیکٹ ٹریسنگ کو بڑھایاگیا۔وزیر صحت نے کہا کہ کوروناوائرس کے تشخیصی ٹیسٹوں کی صلاحیت کوروزانہ کی بنیادپر400سے 22000تک بڑھایادیاگیاہے۔کوروناوائرس کی پہلی لہرمیں کوروناایکسپرٹس ایڈوائزری گروپ نے کلیدی کرداراداکیا۔

انہوں نے کہا کہ  کوروناوائرس کی علامات والے مریض گھروں میں علاج کی بجائے ہسپتالوں کارخ کریں،سانس میں دشواری پرفورا ہسپتال جاکرچیک اپ کروائیں۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ حکومت پنجاب ابھی تک کوروناوائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے 14ارب روپے کی خطیررقم خرچ کرچکی ہے۔  این سی او سی کی گائیڈلائنزکے مطابق کوروناوائرس کے مریضوں کے علاج کیلئے پروٹوکولز بنائے جارہے ہیں۔سرکاری ونجی لیبارٹریوں میں کوروناوائرس کے تشخیصی ٹیسٹوں کے معیارکوبھی مسلسل جانچا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ الحمداللہ پوری دنیاکی نسبت پاکستان میں کوروناوائرس کی صورتحال بہت بہترہے۔