حکومت امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے پوری کوشش کر رہی  ہے:وزیرداخلہ

97

 

اسلام آباد،8جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ کے اقدامات اور کردار نظر آئے گا، وزارت ایمانداری اور شفافیت سے اپنا کام کرے گی، حکومت امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے پوری کوشش کر رہی ہے۔

جمعہ کو یہاں نیشنل پولیس اکیڈمی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرداخلہ  کا  کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں نے الیکشن کمیشن کے سامنے  احتجاج کے لئے آنے کا اعلان کیا ہے ، ان کے احتجاج میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کریں گے۔ موجودہ چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کرائے ہی نہیں تو ان کے خلاف احتجاج کیسا۔اپوزیشن کا کیس کمزور ہے۔

  ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  وزیراعظم کسی بھی وقت کوئٹہ جا سکتے ہیں، میرے سمیت کئی وزرا کی رائے تھی کہ وہ کوئٹہ جائیں،اگرچہ وہ اس سے پہلے ہی کوئٹہ جانے کا فیصلہ کر چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو سے تین ماہ سیاست میں اہم ہیں، وہ میڈیاکے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں گے جبکہ وزارت داخلہ میں میڈیاسنٹر بھی قائم کیا جا رہا ہے ۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں نوجوان کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت ایک سنگین واقعہ اور جرم ہے۔ اس واقعہ میں ایک نوجوان کی جان چلی گئی جو بہت ہی افسوسناک واقعہ ہے، گرفتار پانچ اہلکاروں  پر  دہشت گردی کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی حکمت عملی کے حوالے سے میں نے اپوزیشن کے بارے میں جو بھی پیش گویاں کیں درست ثابت ہوئیں۔ میں نے چار باتیں کہیں تھیں ایک یہ کہ یہ ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گے، یہ لے رہے ہیں، دوسری یہ کہ سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گے، لے رہے ہیں، تیسری یہ کہ استعفے نہیں دیں گے ، نہیں دیں گے اور چوتھی یہ کہ یہ لانگ مارچ کے لئے اسلام آباد آئیں گے، آ رہے ہیں۔ اپوزیشن جیسا رویہ اختیارکرے گی اس کے ساتھ ویسا ہی رویہ سلوک کیاجائے گا۔